انتخابات 2024: اُمیدواروں کے لیے ہدایت نامہ جاری، چیف الیکشن کمشنر پر تحفظات
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے خواہش مند اُمیدواروں کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ہدایت نامے کے مطابق، کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کو ناقابل واپسی 30 ہزار روپے بطور فیس جمع کرانا ہوں گے جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایک اُمیدوار مختلف تجویز و تائید کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے۔
کاغذات نامزدگی کے ساتھ اُمیدوار کو اس کے تجویز و تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول اور ووٹر سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔
امیدوار کو کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن اور پاسپورٹ کی مکمل نقل بھی منسلک کرنا ہوگی۔
امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کا شہری ہو اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تک اس کی عمر 25 سال سے کم نہ ہو۔
اہلیت سے متعلق کہا گیا ہے کہ امیدوار قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو سکتا ہے جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے اس کا متعلقہ صوبے سے ہونا ضروری ہے۔
انتخابی اخراجات کے حوالے سے ہر امیدوار یا تو کسی بھی شیڈول بینک میں خصوصی اکاؤنٹ کھولے گا یا پہلے سے موجود بینک اکاؤنٹ کی تفصیل کاغذات نامزدگی میں درج کرے گا۔
ہدایت نامے کے مطابق، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد، ریٹرننگ افسر ان کی جانچ پڑتال کرے گا۔ اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکتے ہیں جب کہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔
امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
